واشنگٹن : امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب ہونے والی جماعت کو امریکہ میں حقیقی تبدیلیاں لانی چاہییں۔ سینڈرز نے کہاکہ انتخابات کے دن امریکہ بھر کے عوام نے ہمارے ملک کے حکمران طبقے کو ایک نہایت طاقتور پیغام دیا۔ ویتنام، عراق اور اب ایران کی جنگ جھوٹ کی بنیاد پر شروع کی گئیں۔
انہوں نے بلند آواز اور غیر معمولی اتحاد کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلسل جھوٹ، آئین اور قانون کی حکمرانی کی توہین، ان کی خود پسندی، بدعنوانی اور تباہ کن پالیسیوں کو مسترد کر دیا۔ لیکن عوام نے اس سے بڑھ کر بھی ایک پیغام دیا ہے۔
برنی سینڈرز نے امریکہ میں طبقاتی اور معاشی عدم مساوات کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہاکہ ایسے وقت میں جب ہمارے 60 فیصد شہری ایک تنخواہ سے دوسری تنخواہ تک زندگی گزار رہے ہیں، آمدنی اور دولت میں عدم مساوات بے مثال سطح پر پہنچ چکی ہے، صنعتی ممالک میں بچوں کی غربت کی شرح سب سے زیادہ ہے، لاکھوں بزرگ باعزت طریقے سے ریٹائر نہیں ہو سکتے اور نوجوان نسل کو اپنے والدین سے بھی کم معیارِ زندگی ملنے کا خدشہ ہے، ایسے میں محنت کش خاندانوں نے تبدیلی کے حق میں ووٹ دیا ہے، ایک حقیقی تبدیلی کے لیے۔


































