صنعا: یمنی فوج نے دھمکی دی ہے کہ اگر سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے یمن کی حدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا تو سعودی عرب کی بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع بندرگاہوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے جمعے کے روز یہ دھمکی دی۔
یہ دھمکی اتحادی افواج کی جانب سے مغربی یمن میں واقع حدیدہ بندرگاہ کے علاقے سے شہریوں کو انخلا کی ہدایت جاری کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ یحییٰ سریع نے کہا کہ
اگر دشمن نے حدیدہ بندرگاہ پر بمباری کی اپنی دھمکی پر عمل کیا تو جدہ کی بندرگاہ اور بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کی تمام بندرگاہیں ہماری افواج کا ہدف ہوں گی۔ ترجمان نے فضائی کمپنیوں کو بھی خبردار کیا کہ سعودی فضائی حدود محفوظ نہیں رہیں گی اور آنے والے چند گھنٹوں میں یہ فوجی کارروائیوں کا میدان بن سکتی ہیں۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ انتباہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی فضائی حدود پر لاگو نہیں ہوگا۔


































