بے بنیاد مقدمات سے آگاہ کیا،عزاداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،رہنما
ملتان (نیوز ڈیسک) ملتان میں شیعہ رہنماوں اور قائدین نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ا مور و ممبر قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر سے ملاقات کی اور انہیں شہر میں انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بے بنیاد مقدمات کے قیام پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا،مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین کی زیرقیادت وفد نے ملاقات میں ملتان انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بزدلانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ عزاداری ہماری ریڈ لائن ہے، اس سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ملک کا ماحول ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت خراب کیا جا رہا ہے، ملتان ایک پرامن شہر ہے، اس کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارے ساتھ انتظامیہ نے معاملات خود طے کیے اور پھر مقدمے بھی درج کر دیئے، اگر ملتان انتظامیہ اور پولیس نے روش نہ بدلی تو حالات یکسر مختلف ہوں گے، رہنماوں نے اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی کو ایک یادداشت بھی پیش کی، رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ ملتان سمیت پنجاب بھر میں قائم کیے گئے بے بنیاد مقدمات کو فی الفور ختم کیا جائے اور 8 شوال یوم انہدام جنت القبیع کے موقع پر کسی بدمزگی سے بچنے کے لیے عزاداروں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔


































