
آل سعود نے بے جا الزامات کے تحت 80 سالہ محمد الخضری سمیت درجنوں فلسطینیوں کو بلاجواز ایک سال سے قید میں رکھا ہوا ہے،حماس ترجمان
قیدیوں پر دہشت گروہوں کی حمایت کے الزام میں مقدمہ چلایا جارہا ہے، جبکہ ان کے کسی اقدام سے سعودی مفادات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ،حماس رہنما
غزہ (نیوز ڈیسک) حماس نے سعودی عرب میں قید 60 فلسطینیوں کی رہائی کیلئے ڈیڈ لائن دیدی، حماس کے ترجمان رافت مرہ نے کہا ہے کہ آل سعود نے بے جا الزامات کے تحت 80 سالہ محمد الخضری سمیت درجنوں فلسطینیوں کو ایک سال سے قیدمیں رکھا ہوا ہے ، سعودی عرب کے مختلف شہروں میں مقیم فلسطینیوں کی گرفتاری بلاجواز ہے ،انہیں رمضان سے پہلے مقدمات ختم کرکے رہا کیا جائے، انہوں نے کہا کہ محمد الخضری 80 سال سے زائد عمر کے ہیں اور بیک وقت کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں امید ہے کہ سعودی حکام ملت فلسطین اور ان کے نصب العین کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے فہم و فراست سے کام لیتے ہوئے تمام فلسطینی قیدیوں کو ماہ مبارک رمضان کے آغاز سے قبل رہا کردے گی،حماس کے بین الاقوامی امور کے نگراں دفتر کے رکن باسم نعیم نے کہا کہ یہ تمام افراد دسیوں سال سے سعودی عرب میں مقیم ہیں اور سعودی معاشرے کا ہی حصہ سمجھے جاتے ہیں ، سعود ی ترقی و پیشرفت میں مقامی لوگوں کے شانہ بشانہ کام کرتے رہے ہیں، تاہم ان کو بے جا الزامات کے تحت جیلوں میں بند کردیا گیا ہے، ان قیدیوں پر دہشت گروہوں کی حمایت کے الزام میں مقدمہ چلایا جارہا ہے، جبکہ ان افراد نے ایسا کوئی اقدام نہیں کیا ہے جس سے سعودی مفادات اور اقتدار اعلی کو کوئی نقصان پہنچا ہو،حکومت ان کی گرفتاریوں سے متعلق کوئی قابل قبول جواز پیش نہیں کرسکی ہے


































