اردوان دہشت گردوں کی حمایت چھوڑ دیں تعلقات بہتر ہوجائیں گے
دمشق(نیوز ڈیسک) شام کے صدر بشار لاسدنے کہا ہے کہ ادلب کے بعد غاصب امریکیوں کے خلاف مشرقی شام میں کارروائیاں شروع کی جائیں گی، ترکی نے امریکی اشارے پر ادلب کی آزادی روکنے کیلئے اپنی پوری طاقت جھونک دی تاہم شامی فوج ادلب کے بعد ملک کے مشرقی علاقے میں امریکا کے غاصبانہ قبضے کے خلاف آپریشن کا آغاز کرے گی،انہوں نے کہا کہ شام اور ترکی کے عوام کے درمیان کوئی دشمنی نہیں اور اگر ترک صدر رجب طیب اردوان دہشت گردی کی حمایت سے دست بردار ہوجائیں تو دونوں ملکوں کے تعلقات معمول پر لوٹ آئیں گے،انہوں نے ادلب کی آزادی کو ترجیحات میں قرار دیا، بشار اسد نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے اب تک ترکی کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا ہے اور ترکی کا موجودہ رویہ غیر منطقی ہے۔


































