Wed Nov 18, 2026

ای سی او اجلاس میں اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف کی منظوری ایران کیساتھ جنگ طویل نہیں ہوگی، اسے کبھی نہ ختم ہونے والی جنگ نہیں بننے دیں گے، جے ڈی وینس بزرگ مرجع آیت اللہ وحید خراسانی 105 برس کی عمر میں انتقال کرگئے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات ایران کو دہشت گردی کا سہارا لینے کی کوئی ضرورت نہیں، اسماعیل بقائی علاقائی ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف حملوں کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے، عباس عراقچی رہبر مسلمین نے پیوٹن کو خاص پیغام بھیجا ہے، کاظم جلالی برین ہیمرج کا خطرہ ہے، مجھے انصاف فراہم کیا جائے، عمران خان کا عدلیہ کو خط بحرین، شیخ عیسیٰ قاسم سمیت 64 علمائے کرام کو 15 سال سے عمر قید تک کی سزا ٹرمپ کی قدامت پسند ججوں کی تقرری کی کوششوں کو ریپبلکن سینیٹرز کی مخالفت کا سامنا مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے چھاپے، 2 فلسطینی بھائی گرفتار، 4 افراد زخمی امریکا میں فضائی آپریشن تیسرے روز بھی متاثر، 5 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا آغاز، وژن 2035 کی منظوری متوقع عباس عراقچی ای سی او اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے توانائی کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کا کوئی متبادل راستہ موجود نہیں: قطری وزیراعظم

روزانہ کی خبریں

برین ہیمرج کا خطرہ ہے، مجھے انصاف فراہم کیا جائے، عمران خان کا عدلیہ کو خط

اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس آسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھا ہے۔ عمران خان کا خط بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس کو پہنچا دیا گیا، وکیل سلمان صفدر نے دعویٰ کیا کہ خط بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر لکھا گیا ہے۔
خط میں بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹروں نے بتایا ہے مجھے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ ہے، میرا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ الفاظ آپ تک قیدِ تنہائی کی ایک کوٹھری سے میرے وکیل کے ذریعے پہنچ رہے ہیں، کیونکہ اب ان دیواروں سے باہر میری آواز پہنچنے کا یہی ایک ذریعہ رہ گیا ہے۔ میں یہ خط بطور سابق وزیراعظم یا کسی سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے نہیں لکھ رہا ہوں؛ میں نے اپنی زندگی پاکستان کو دی ہے۔ میں نے کرکٹ کے میدان، سماجی خدمات، فلاحی کاموں اور پاکستان کے بائیسویں (22ویں) وزیراعظم کی حیثیت سے اس قوم کی خدمت کی ہے۔ ستر سال تک میرے نام پر کوئی ایک بھی فوجداری مقدمہ درج نہیں ہوا۔ پھر ستر سال کی عمر کے بعد سیاسی انتقام کی ایک بے مثال اور بے رحم مہم شروع ہوئی: بے شمار مقدمات، عدالتوں میں سو سے زائد پیشیاں، بار بار قبل از گرفتاری ضمانتیں، اور ایک قاتلانہ حملہ جس میں اللہ کے فضل سے میری جان بچ گئی۔ ان سب حالات میں، میں نے قانون کا راستہ اختیار کیا۔ میں نے فیصلہ کیا کہ میں سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ان تمام مقدمات کا عدالتوں میں مقابلہ کروں گا، اور میں کبھی پیچھے نہیں ہٹا۔
عمران خان نے لکھا کہ وقتاً فوقتاً مجھے ریلیف ملتا رہا، اور ہر بار اس سے میرا یہ یقین تازہ ہوا کہ انصاف ضرور ہوگا۔ تاہم آئینی ترامیم کے بعد وہ ریلیف محدود ہوتا گیا اور پھر بالکل بند ہو گیا۔ مجھے یہ کہتے ہوئے شدید دکھ ہوتا ہے کہ جب مجھے اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی، تو جس نظام پر میں نے بھروسہ کیا تھا وہ میری مدد کو نہ آیا۔ اڈیالہ کی دیواروں کے اندر، میں نے اور میری اہلیہ نے یکے بعد دیگرے فوجداری مقدمات کا سامنا کیا، اور ہماری اپیلیں ابھی تک فیصلے کی منتظر ہیں۔ اس کے باوجود میں نے کبھی طبی بنیادوں پر ریلیف نہیں مانگا اور نہ ہی بیماری کو بطور حربہ استعمال کیا۔ میں نے ہمیشہ میرٹ پر اور اعتماد کے ساتھ مقدمات لڑے، اور اب بھی لڑ رہا ہوں۔ عمران خان نے لکھا کہ 20 دسمبر دوہزار پچیس کو، جس دن توشہ خانہ (بلغاری) کیس کا فیصلہ سنایا گیا، سب کچھ بدل گیا۔ مجھے بیرونی دنیا سے مکمل طور پر کاٹ دیا گیا، الگ تھلگ کر دیا گیا اور ہر آئینی حق اور جیل قوانین کے تحت قیدی کو ملنے والے ہر استحقاق کو نظر انداز کرتے ہوئے روزانہ بائیس گھنٹے تک اذیت ناک قیدِ تنہائی میں رکھا گیا. نہ اہلِ خانہ سے ملاقات، نہ وکلاء تک رسائی، نہ بیٹوں سے فون پر بات، نہ کتابیں اور نہ ہی ٹیلی ویژن۔ وکلاء تک رسائی کے بغیر مہینوں گزرنے کے بعد رواں سال دس فروری کو میرا وکیل مجھ تک صرف اس لیے پہنچ سکا.
کیونکہ معزز سپریم کورٹ نے انہیں عدالتی معاون بنا کر بھیجا تھا۔ انہوں نے دیکھا کہ میری دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ضائع ہو چکی تھی، اور نہ تو میرے خاندان اور نہ ہی میرے وکیل کو اس بارے میں بتایا گیا تھا۔ اس ملاقات کے بعد رابطہ پھر منقطع کر دیا گیا اور جیل انتظامیہ نے باہمی گٹھ جوڑ سے مجھے ایک بار پھر تنہا کر دیا۔ اس پورے سال میں مجھے اپنے وکیل سے صرف چار بار ملنے کی اجازت دی گئی. عمران خان نے لکھا کہ جیل میں کسی کو بھی مجھ سے بات کرنے یا جواب دینے کی اجازت نہیں ہے، یہاں تک کہ جب میں سلام کرتا ہوں یا قرآن پاک کی کوئی آیت تلاوت کرتا ہوں تب بھی نہیں۔ مجھے تنہا رکھنے کا مقصد صرف مجھے بیمار کرنا اور میرے حوصلے کو توڑنا ہے۔ عمران خان نے لکھا کہ
تاہم، مجھے سب سے زیادہ پریشانی اپنی حالت کی نہیں بلکہ اپنی اہلیہ کی حالت کی ہے۔ اپریل 2026 میں ریٹینا (پردہ چشم) کی تشخیص کے لیے ان کی آنکھ کی ایک پیچیدہ سرجری ہوئی اور صحت یابی کے دوران ہی انہیں واپس قیدِ تنہائی میں ڈال دیا گیا۔ جب میں نے انہیں پہلے مہینے دیکھا تو وہ نہ روشنی برداشت کر سکتی تھیں اور نہ ہی اپنی آنکھیں کھول سکتی تھیں، اور اگر ایک اور سرجری نہ ہوئی تو وہ مستقل طور پر اپنی بینائی کھو سکتی ہیں۔ عمران خان نے لکھا کہ قیدِ تنہائی میں میرا بلڈ پریشر بے قابو ہو چکا ہے: پہلے 130، پھر 150، پھر 170، اور گزشتہ ہفتے 10 نومبر 2026 کو 192 اور 193 تک پہنچ گیا۔ ڈاکٹر اب مجھے بتاتے ہیں کہ مجھے برین ہیمرج (دماغی شریان پھٹنے) اور دل کا دورہ پڑنے کا شدید خطرہ ہے، اور یہ کہ میرے دل کو پہلے ہی نقصان پہنچ چکا ہے۔ چوہتر (74) سال کی عمر میں یہ مسلسل اذیت مجھے ایک ایسی جگہ لے جا رہی ہے جہاں سے شاید میں زندہ واپس نہ آسکوں۔ میں نے بے شمار مقدمات میں ناممکن قانونی لڑائیاں لڑی ہیں، اور میں رکا نہیں ہوں۔ لیکن نظام نے مجھے انصاف دینا بند کر دیا ہے۔
آج میں صرف یہ مانگتا ہوں کہ میرا اور میری اہلیہ کا علاج کرایا جائے۔ عمران خان نے لکھا کہ میں آپ عالی جاہ سے کسی رعایت کا طلبگار نہیں ہوں۔ میں انصاف کے طور پر صرف اتنا چاہتا ہوں کہ معزز سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرایا جائے اور ہماری طبی حالت کے پیشِ نظر مناسب علاج فراہم کیا جائے۔ میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے قابل صرف تبھی رہوں گا جب میں زندہ رہوں گا۔ میں انسانی ہمدردی کے بنیادی ترین اصولوں کی بنیاد پر آپ عالی جاہ سے اپیل کرتا ہوں کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، مجھے انصاف فراہم کریں۔

مزید پڑھیے

Most Popular