تہران : ایرانی ترجمان دفتر خارجہ اسماعیل بقائی نے اس الزام کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ ایران مغربی ممالک کے حکام یا عام شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو دہشت گردی کا سہارا لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ فرانس میں نام نہاد ریفریجریٹر کیسز سمیت یہ الزامات اسرائیلی حکومت کی جانب سے منظم کی گئی مربوط گمراہ کن مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ایران کو مغربی حکومتوں اور عام شہریوں کے لیے ایک خطرہ بنا کر پیش کرنا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ایسے وقت میں امریکی اور یورپی عوام کی رائے پر اثر انداز ہونا ہے جب عوام اپنی حکومتوں کی جارحانہ پالیسیوں کی حمایت کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس مہم کا مقصد خوف و ہراس پیدا کرنا اور ایران کے خلاف جارحیت میں اضافے کے لیے عوامی حمایت حاصل کرنا ہے، جبکہ عوامی تحفظ کے نام پر غیر ذمہ دارانہ سیاسی اور فوجی اقدامات کو جواز فراہم کرنا بھی اس کا حصہ ہے۔ بقائی نے مزید کہا کہ امریکی حکام کو ممکنہ قاتلانہ حملوں کے اہداف کے طور پر پیش کرنے کا مقصد بھی اس تنازع کو ان کے لیے ذاتی معاملہ بنانا ہے۔ تہران پر عائد الزامات کا جواب دیتے ہوئے بقائی نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے بلااشتعال اور وسیع پیمانے پر کی جانے والی فوجی جارحیت کے مقابلے میں ایران کے ردعمل کا موازنہ واشنگٹن اور تل ابیب کی جانب سے کی جانے والی ’’ریاستی دہشت گردی‘‘ سے کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ امریکہ اور اسرائیلی حکومت نے ایرانی حکام کے قتل اور ایران کے عام شہریوں پر مہلک حملوں کے ذریعے ’’ریاستی دہشت گردی کی بدترین اور کھلی شکل‘‘ کا مظاہرہ کیا۔ بقائی نے کہا کہ تاہم ایران نے ثابت قدم مزاحمت اور جائز دفاع کے ذریعے جواب دیا ہے اور آئندہ بھی اسی انداز میں اپنا دفاع جاری رکھے گا۔


































