تہران : ایران کے ممتاز مذہبی رہنما اور ولی امر مسلمین آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے استاد آیت اللہ وحید خراسانی 105 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ آیت اللہ وحید خراسانی 1921ء میں ایران کے شہر مشہد میں پیدا ہوئے۔ وہ حوزہ علمیہ قم کی ایک انتہائی ممتاز اور قدآور علمی شخصیت تھے۔ آیت اللہ وحید خراسانی نے ابتدائی دینی تعلیم مشہد میں حاصل کی، وہ دینی علوم کی تعلیم، تحقیق اور تدریس سے وابستہ تھے۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک نامور علمائے دین سے تعلیم حاصل کی، جن میں عراق کے شہر نجف میں مرحوم آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم خوئی بھی شامل تھے۔ بعد ازاں وہ ایران واپس آگئے، جہاں انہوں نے فقہ اور اصولِ فقہ کے اعلیٰ درجے کے دروس تدریس کیے اور ہزاروں طلبہ کو علمی فیض پہنچایا۔ دنیا بھر میں فارسی زبان بولنے والے شیعہ مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد ان کی مقلد تھی اور ان سے گہری عقیدت رکھتی تھی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق 2018 تک آیت اللہ وحید خراسانی کا تدریسی سلسلہ جاری رہا تاہم بیماری کے باعث اس کے بعد باقاعدہ تدریس ترک کرنا پڑی۔
ان کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں دینی تعلیم کے فروغ، اہلِ بیتِ رسول ﷺ کی حرمت و تقدس کے دفاع اور مذہبی مجالس و عزاداری کے اہتمام کے لیے ان کی تاحیات خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مجالسِ عزاء کے انعقاد میں ان کی خدمات کا ذکر کیا گیا۔ وہ اپنے فلاحی اور رفاہی اقدامات، بالخصوص یتیم بچوں کی سرپرستی اور کفالت کے لیے قائم کیے گئے وقف اور خیراتی اداروں کے حوالے سے بھی معروف تھے۔
مرجعِ تقلید کی حیثیت سے آیت اللہ وحید خراسانی کے شرعی فتاویٰ کو غیر معمولی اہمیت حاصل تھی اور ان کے مقلدین دینی، روحانی اور روزمرہ زندگی کے معاملات میں رہنمائی کے لیے ان سے رجوع کرتے تھے۔


































