ماسکو: ماسکو میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے نام ولی امر مسلمین آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے حالیہ پیغام کو خصوصی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیغام میں تہران اور ماسکو کے درمیان تزویراتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس سے گفتگو کرتے ہوئے کاظم جلالی نے کہا کہ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی کے دورۂ ماسکو کا بنیادی مقصد رہبر انقلاب کا سرکاری پیغام روسی صدر تک پہنچانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس پیغام میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی اہمیت اور اعلیٰ ترین سطح پر مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ جلالی نے مزید کہا کہ محسن رضائی کے دورۂ ماسکو کو دونوں ممالک کے تزویراتی تعلقات کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی اور علاقائی حالات نے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی رابطوں اور ہم آہنگی کی ضرورت بڑھا دی ہے۔
انہوں نے اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہران اور ماسکو کے درمیان تزویراتی تعاون برقرار رکھنے اور اسے مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔ اس ماہ کے اوائل میں محسن رضائی نے کریملن میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا پیغام پیوٹن تک پہنچایا تھا۔


































