مودی حکومت کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے،کئی ریاستوں کی حکومتوں نے بھی کھل کر شہریت بل کی مخالفت شروع کردی
کیرالہ اسمبلی میں بل کی مخالفت میں قرار داد منظور، وزیر اعلیٰ نے 11ریاستوں کے وزرا اعلیٰ کو بل کی مخالفت کیلئے خط لکھ دیا، مسلم مخالف بل کو واپس لینے کا مطالبہ
کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں متنازع شہریت بل کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور ایک درجن سے زائد ریاستوں نے اس قانون پر عمل درآمد سے انکار کردیا ہے جن میں ریاست مہاراشٹرا، دہلی، جھاڑکھنڈ، بہار، آندھرا پردیش، مدھیہ پردیش، پنجاب، اڑیسہ،چھتیس گڑھ،مغربی بنگال، راجستھان اور پدو چیری شامل ہیں، سابق سیکریٹری خارجہ شیو شنکرکا کہنا ہے کہ شہریت بل اور کشمیر پر بھارت نے دنیا سے اپنے آپ کو الگ تھلگ کرلیا، دوسری جانب امریکی و برطانوی اخبارات سمیت تمام آزاد ذرائع ابلاغ کی بھارت کی حکومت پر شدید تنقید جاری ہے، اس قانون کی مخالفت میں جہاں مودی حکومت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں، وہیں کئی ریاستوں کی حکومتوں نے بھی کھل کر مخالفت شروع کردی، کیرالہ ریاست کی اسمبلی نے اس قانون کے خلاف قرارداد پاس کی قرار داد میں کہا گیا کہ مسلم مخالف بل کو واپس لیا جائے، ریاست کے وزیر اعلیٰ نے گیارہ ریاستوں کے وزراعلیٰ کو اس قانون کی مخالفت کیلئے کیرالہ کی اسمبلی کے نقش قدم پر چلنے کی درخواست کی ہے،انہوں نے کہا سیکولرزم اور جمہوریت کو بچائے رکھنے کے لئے ملک میں اتحاد کی ضرورت ہے۔
































