تہران : ایران نے آبنائے ہرمز پر اپنی نگرانی اور فوجی کنٹرول مزید سخت کر دیا ہے۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اہم آبی گزرگاہ میں نئے نگرانی کے نظام نصب کرنے کے ساتھ پہلے سے موجود دفاعی صلاحیتوں کو بھی جدید بنایا گیا ہے۔
ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ مسلح افواج سے رابطہ اور رابطہ کاری کے بغیر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرم نیا نے تہران میں فضائیہ کے کمانڈروں اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کے احکامات پر آبنائے ہرمز میں نگرانی اور کنٹرول کا نظام مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق نئے نظام متعارف کرانے، موجودہ آلات کو جدید بنانے اور فوجی تنظیمی ڈھانچے کو مستحکم کرنے سے آبنائے ہرمز کی نگرانی کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ محمد اکرم نیا نے کہا کہ حالیہ ہفتوں کے دوران خطے کی صورت حال اور غیر مجاز بحری آمدورفت کے باعث ایرانی مسلح افواج سے رابطہ کیے بغیر گزرنے والے جہازوں کو زیادہ خطرات کا سامنا کرنا پڑا اور بعض جہاز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے جہازوں کے مالکان کو خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے کے لیے ایرانی مسلح افواج کے ساتھ ضروری رابطہ کاری یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف دشمن کے مقاصد صرف جوہری پروگرام، علاقائی معاملات اور میزائل پروگرام تک محدود نہیں تھے بلکہ یہ معاملات دیگر پوشیدہ مقاصد کے حصول کے لیے محض بہانے تھے۔ ان کے مطابق ایران نے مزاحمت اور مؤثر اقدامات کے ذریعے دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ ایرانی فوج کے ترجمان نے جاری محاذ آرائی کو ایک کثیرالجہتی ہائبرڈ جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران کے خلاف فوجی، سیاسی اور اقتصادی تینوں محاذ استعمال کر رہا ہے۔
































