یونیورسٹی آف میری لینڈ اور فرم ایپسوس (Ipsos) کی جانب سے کئے گئے ایک تازہ سروے کے مطابق، امریکی ووٹرز کی اکثریت کہ جن میں 80 فیصد ڈیموکریٹ بھی شامل ہیں، کا کہنا ہے کہ "اس جنگ کو فوراً ختم ہو جانا چاہیئے چاہے شرائط کچھ بھی کیوں نہ ہوں”! ڈیموکریٹک ووٹروں کی اکثریت اُن اقدامات کی بھی حمایت کرتی ہے کہ جن کے ذریعے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر اس تنازعے کو ختم کرنے کے لئے دباؤ ڈالا جا سکے۔ اس رائے شماری سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی عوام چاہتے ہیں کہ حکومت، مغربی ایشیا میں جاری اس جنگ کو فی الفور ختم کر دے، چاہے ایسا کرنے کے لئے ایران کو کچھ رعایتیں ہی کیوں نہ دینا پڑیں۔
رپورٹ کے مطابق ان نتائج نے خود سروے منعقد کرنے والوں کو بھی حیران کر دیا جیسا کہ مرکزی محقق، شبلی تلحمی نے الجزیرہ کو بتایا کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لئے عوامی حمایت کی سطح دیکھ کر حیران رہ گئے. قطع نظر اس کے کہ شرائط کیا ہوں! شبلی تلحمی نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ لوگ اس جنگ کے سخت مخالف ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ جلد از جلد ختم ہو، لیکن ہمیں اس بات کا اندازہ نہ تھا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے امریکی عوام، کس حد تک بھاری شرائط قبول کرنے پر تیار ہو جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس طرح سے؛ امریکی عوام نے نہ صرف ووٹنگ کے ذریعے بلکہ رائے شماریوں میں بھی، ایران کے خلاف جنگ کی مخالفت کا ایک بار پھر ببانگ دہل اعلان کیا ہے۔ مزید برآں، جواب دہندگان کی اکثریت نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ جنگ جلد از جلد ختم ہو، چاہے اس کے لئے امریکہ کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لئے ایران کو مطلوب تمام کی تمام شرائط ہی کیوں نہ پوری کرنا پڑیں!.
































