تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کے ساتھ مذاکرات سے متعلق ایران کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کی سات شرائط پوری ہونے تک نہ کوئی قدم اٹھایا جائے گا اور نہ ہی مذاکرات ہوں گے۔ ایرانی پارلیمنٹ کے معمول کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ امریکا کی دھمکیاں اور اقتصادی دباؤ پر زور دینا دراصل اس بات کا مظہر ہے کہ امریکی، ثابت قدم اور خودمختار ایرانی عوام کے مقابلے میں کس قدر بے بس ہیں۔ امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایران دشمن کی کسی بھی کارروائی کا فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کے مطابق اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو ایران جنگ کا رخ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
































