واشنگٹن: امریکی ٹی وی نیٹ ورک این بی سی نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ ایران کی اعلیٰ قیادت کے بعض ارکان کو نشانہ بنا کر قتل کرنے کے امکان پر اندرونی مشاورت کر رہے ہیں۔ اس مبینہ منصوبے کا مقصد ایسے ایرانی رہنماؤں کو راستے سے ہٹانا ہے جو جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی شرائط تسلیم کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے حامی امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ ایرانی قیادت کے اہم ارکان کو نشانہ بنانے سے تہران کو یہ پیغام دیا جا سکے گا کہ امریکہ جب چاہے ایرانی رہنماؤں کا سراغ لگا کر انہیں نشانہ بنا سکتا ہے۔ ان کے خیال میں اس اقدام سے ٹرمپ کو ایسی جنگ سے نکلنے کا راستہ مل سکتا ہے جسے امریکہ کے لیے میدانِ جنگ میں جیتنا مشکل اور اندرونِ ملک سیاسی طور پر نقصان دہ قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس تجویز کے مخالف امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی قیادت کے مزید ارکان کو قتل کرنے سے باقی ماندہ قیادت کا مؤقف مزید سخت ہو سکتا ہے اور مستقبل میں امن مذاکرات کے لیے امریکہ کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ رپورٹ میں اس تناظر میں 28 فروری کو ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں کے قتل کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
































