Wed Nov 25, 2026

آبنائے ہرمز میں دو امریکی ڈرون لوکاس اور ایم کیو 9 تباہ کر دیئے، ایران جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ، متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار سے متجاوز امریکی عوام ایران کخلاف جنگ ​​کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں، سروے رپورٹ ایران کی 7 شرائط پوری ہونے تک امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے، قالیباف امریکی محاصرے کو توڑنے کے لیے پُرعزم ہیں، محسن رضائی پہلا پاکستانی محمد ذیشان علی خلا میں پہنچ گیا آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، ایرانی آرمی چیف سعودی دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت پر ایک ہفتے میں دوسری بار حملہ امریکہ کے ساتھ مل کر ایران پر ممکنہ حملے کی تیاری کر رہے ہیں، اسرائیلی وزیر جنگ کا دعویٰ دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر سمیت ہماری 4 ریڈ لائنز ہیں، محسن نقوی ایران کا زمینی محاصرہ تقریباً ناممکن ہے، عباس عراقچی اسرائیل کے غزہ میں فضائی حملے، انروا کا 35 سالہ کارکن اور 2 فلسطینی شہید قطری وزیرِ اعظم کی مارکو روبیو سے ملاقات، ایران امریکا کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال این پی ٹی سے علیحدگی کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا، اسماعیل بقائی وینزویلا کے تیل کا معاہدہ: امریکی نائب صدر کیخلاف تحقیقات کا آغاز

روزانہ کی خبریں

ٹرمپ ایران کے اسٹریٹجک جال میں اور نتائج اسرائیل کو بھگتنا پڑیں گے

تحریر: ڈاکٹر ندیم عباس

یروشلم پوسٹ اسرائیل کا معروف اخبار ہے، اس کے تجزیے اسرائیل میں بڑی سنجیدگی سے لیے جاتے ہیں اور پوری دنیا میں اس کے انگریزی کالموں کو بڑی سنجیدگی سے پڑھا جاتا ہے۔ میں اکثر اسے اس لیے پڑھتا ہوں کہ اسرائیل میں اس وقت کیا سوچ چل رہی ہے۔؟ آج میرے سامنے یروشلم پوسٹ کے ایک تجزیہ نگار کا کالم آیا، جس کا عنوان "ٹرمپ ایران کے اسٹریٹجک جال میں پھنستے جا رہے ہیں جبکہ اسرائیل کو اس کے نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں” تھا۔ میں رکا اور دیکھا کہ تجزیہ واقعاً بڑا دلچسپ ہے اور اس حقیقت کو بیان کر رہا ہے، جسے امریکی، اسرائیلی اور یورپی میڈیا قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ لکھنے والا کوئی عام آدمی نہیں تھا بلکہ ایک منجھا ہوا صحافی امیر بوہبوت ہے، جو اسرائیلی ویب سائٹ "والا!” کا معروف دفاعی و عسکری تجزیہ کار ہے، جس نے 1996ء سے صحافت کا آغاز کیا اور 2003ء سے عسکری و سکیورٹی امور کی رپورٹنگ کر رہا ہے۔ اس نے غزہ، لبنان اور دیگر اہم فوجی آپریشنز کی میدانی رپورٹنگ کی۔

اس کا بڑا کام عالمی اسلحہ سازی میں اسرائیل کے عروج پر مشترکہ تصنیف Weapon Wizards (2017ء) اور اسرائیلی ٹارگٹ کلنگ پالیسی پر ڈاکٹریٹ کی تحقیق شامل ہیں۔ یعنی اسرائیل کے فوجی سے لے کر آرمی چیف تک اور عام وزیر سے لے کر وزیراعظم تک رسائی رکھنے والا ہے، ساتھ میں کوئی روشن فکر نہیں بلکہ صیہونیت کی فکر کو صحافت کی زبان سے پروپیگنڈا کی شکل میں دنیا کے سامنے لانے والا ہے۔ وہ لکھتا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بظاہر ایرانی حکومت کے بچھائے ہوئے ایک اسٹریٹجک جال میں پھنستے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس صورتِ حال سے آپریشن "روئرنگ لائن” (Operation Roaring Lion) کی کامیابیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں اور اسرائیل سمیت خلیجی ممالک کی سلامتی بھی داؤ پر لگ سکتی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ٹرمپ نے وہ رسی، جو آپریشن روئرنگ لائن کے بعد سے ایرانی حکومت کے گلے میں پڑی ہوئی تھی، اب اپنے اور خلیجی ممالک کے گلے میں ڈال لی ہے۔

یہ بہت ہی اہم بات ہے کہ اس نے دنیا بھر کے نام نہاد تجزیہ نگاروں کے برعکس بغیر لگی لپٹی کے تسلیم کیا ہے کہ ایرانی جال پھیلانے والے ہیں اور امریکی و خلیجی اسرائیل سمیت اس میں پھنس رہے ہیں۔ وہ ناقہ بندی جو ایران کو گھیرنے کے لیے نافذ کی گئی تھی، وہ ان ممالک کا گلا دبا رہی ہے اور اس کے اثرات آہستہ آہستہ ظاہر ہونے لگیں گے۔ وہ مزید لکھتا ہے کہ اگرچہ واشنگٹن نے ایرانی حکومت کو ایک مشکل صورتِ حال سے دوچار کر دیا تھا، لیکن جیسے ہی ٹرمپ نے پسپائی کا اشارہ دیا اور ایک اور فوجی مہم کے حوالے سے ان کے خدشات ظاہر ہوئے، ایرانی نظام کے سخت گیر عناصر نے اعتدال پسندوں پر برتری حاصل کر لی۔ اب وہ امریکہ کے خلاف مزید سخت گیر مؤقف اختیار کر رہے ہیں اور اس کے مطالبات تسلیم کرنے سے مکمل انکار کر رہے ہیں۔ یہاں یہ اسی دھوکے کا شکار ہے کہ ایران کے نظام میں کوئی ایسی دراڑ موجود ہے، جسے یہ روشن فکر اور سخت گیر میں تقسیم کرتا ہے۔

ایک چیلنج سے نبردآزما ہونے کے فکری دھارے الگ ہوسکتے ہیں، مگر اسے کوئی ایسا اختلاف نہیں کہتے، جس کے نتیجے میں ایک فکر والوں کو نظام کا ہی مخالف سمجھ لیا جائے۔ یہ مغرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنی کی غلط فہمی ہے اور اسی وجہ سے ہمیشہ ان کے تجزیے اور اقدامات برعکس نتائج دیتے ہیں۔ یہ لکھتا ہے کہ تہران کو دیوار سے لگانے کے نتیجے میں اس کے ہاتھ میں تین اہم اسٹریٹجک پتے آگئے ہیں، جو امریکی برتری کو بے اثر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پہلا اور سب سے اہم پتہ آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) ہے۔ ایران کا دوسرا پتہ خطے میں تعینات امریکی فوجیوں کا عدم تحفظ ہے۔ تیسرا پتہ خلیجی ممالک کو یرغمال بنانے کی صلاحیت ہے۔ اس نے تینوں چیزیں کمال کی ذکر کی ہیں، آبنائے ہرمز نے تو مقامی امریکی ایجنٹ ریاستوں کا گلا دبا رکھا ہے اور تیل کی مہنگائی نے امریکی و یورپی عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے۔ یہ درست ہے کہ امریکہ کے پاس بہت تیل ہے، مگر اصل مسئلہ تیل کے مہنگے ہونے کا ہے، دستیاب تو پاکستان سمیت ہر ملک میں ہے۔

دوسرا بڑا مسئلہ امریکی فوجیوں کا کم از کم دو ہزار کلومیٹر کے دائرے میں غیر محفوظ ہو جانا ہے۔ امریکہ میں تابوتوں کی لائنیں کوئی بھی امریکہ صدر افورڈ نہیں کرسکتا۔ تیسرا ایران کی اس صلاحیت کا اعتراف ہے کہ خطے کے خلیجی ممالک جو امریکی پناہ میں تھے اور خود کو محفوظ سمجھتے تھے، وہ محفوظ نہیں رہے۔ اگر امریکی وہاں موجود ہیں تو یہ جنگ کی آگ میں جلیں گے۔ اب خلیجی ممالک جنگ کو ایران کی محبت میں روکنے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ وہ اس آگ سے خود کو بچانا چاہتے ہیں، جو ایران کو لگی تو ان کے گھر پہلے جلیں گے۔ اس کے بعد یہ ایران مستقبل میں کیا کرسکتا ہے؟ یا اس کے پاس کیا کیا آپشنز ہیں، یہ بیان کرتے ہوئے لکھتا ہے: 1۔ محدود اور قابو میں رکھی گئی کشیدگی کے ذریعے امریکی دفاعی برتری اور اس کی دھاک کو بتدریج کمزور کرنا۔ 2۔ اچانک فوجی کارروائی کرکے بحری ناکہ بندی کو توڑنا اور خلیجی ممالک کو خوف زدہ کرنا۔ یہ سب ایسے وقت میں ہوسکتا ہے، جب واشنگٹن ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ براہِ راست تصادم سے بچا جائے۔

یہ بات اپنی جگہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس ناکہ بندی کو اپنی حکمت عملی سے توڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ کسی ٹریپ میں آکر کوئی ردعمل نہیں دینا چاہتا بلکہ خود سے عمل کرنا چاہتا ہے۔ امریکی صدر جنگ سے فرار چاہتا ہے اور یہ بات واضح ہے۔ وہ لڑنے کی پوزیشن میں ہی نہیں ہے، یہی بات خلیجی ممالک اور اسرائیل کے لیے ڈراونا خواب ہے کہ جب امریکہ خطے سے بھاگ جائے گا تو ایران بہت طاقتور ہو جائے گا۔ آخر میں یہ اسرائیل کے بارے میں بہت زبردست تجزیہ کرتا ہے کہ اس ساری صورتحال میں اسرائیل کہاں کھڑا ہوا ہے۔؟ وہ لکھتا ہے: جوں جوں امریکہ اس جال میں پھنستا جا رہا ہے، اسرائیل کو ایک اسٹریٹجک مخمصے کا سامنا ہے۔ واشنگٹن ہزاروں کلومیٹر دور بیٹھ کر طویل جنگی دباؤ برداشت کرسکتا ہے، لیکن اسرائیل کے لیے یہ تاخیری حکمت عملی ایک وجودی خطرہ بن سکتی ہے۔ اس سے آپریشن "روئرنگ لائن” کے ذریعے حاصل کی گئی اسٹریٹجک کامیابیاں بھی ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

ٹرمپ کی جانب سے فیصلہ کن نتیجے کے حصول سے گریز کا ہر گزرتا دن ایران کو اپنے میزائلوں کے ذخیرے کی دوبارہ تعمیر اور ایک ایسی ریاست کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کا مزید موقع فراہم کرتا ہے، جو جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت کی دہلیز پر کھڑی ہے۔ اسرائیل اس وقت خاموش تماشائی بنا امریکہ کو ایران کے بچھائے ہوئے جال میں پھنستے دیکھ رہا ہے، جبکہ اسے معلوم ہے کہ اس صورتِ حال کے نتائج سب سے پہلے اسی کو بھگتنا پڑیں گے۔ اس کے آخری جملے ہی خطے کی اصل صورتحال کی بالکل درست عکاسی کر رہے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اسرائیل کو بری طرح وجودی خطرے سے دوچار کر دیا ہے اور اسرائیل کے سب سے بڑے پشت پناہ اس سے پیچھے ہٹ رہے ہیں اور بڑی حسرت سے یہ سب کچھ دیکھ رہا ہے۔

مزید پڑھیے

Most Popular