غزہ : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ میں اپنے ایک اور اہم عہدیدار کی اسرائیلی فضائی حملے میں شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل منظم انداز میں غزہ کے سکیورٹی نظام کو نشانہ بنا کر علاقے میں بدامنی اور انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔ تنظیم نے جنگ بندی کے ضامن ممالک سے اسرائیلی حملے رکوانے کے لیے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ، حماس کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کی علی الصبح غزہ شہر کے مغرب میں واقع الشاطی پناہ گزین کیمپ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں غزہ کی شمالی پٹی کے داخلی سکیورٹی ادارے کے سربراہ محمد مجد ابوالعوف، ان کی اہلیہ اور تین بچے شہید ہوگئے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے سکیورٹی اداروں اور پولیس اہلکاروں کو مسلسل نشانہ بنانا غزہ میں داخلی امن و امان کو تباہ کرنے اور معاشرتی انتشار پھیلانے کی کوشش ہے۔ حماس کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے باوجود اس نوعیت کے حملے بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور اسرائیلی حکومت غزہ میں معمول کی زندگی کے باقی ماندہ ڈھانچے کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ حماس نے عرب اور اسلامی ممالک، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں کے خلاف حملے رکوانے اور اسرائیلی کارروائیوں کا نوٹس لینے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
تنظیم نے جنگ بندی معاہدے کے ضامن ممالک سے بھی فوری اور مؤثر مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔ یہ واقعہ غزہ کی داخلی سکیورٹی کے سربراہ نعیم محمد ابونحل کے اسرائیلی حملے میں قتل کے ایک روز بعد پیش آیا، جس سے غزہ میں سکیورٹی اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے ان حملوں کا دفاع کرتے ہوئے حماس کے سکیورٹی عہدیداروں کو اپنی فوجی کارروائیوں کے اہداف قرار دیا ہے۔
































