واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق حامیوں کی اکثریت نے اسرائیل کو امریکی فوجی امداد محدود یا مکمل طور پر بند کرنے کی حمایت کر دی ہے۔ نئے سروے کے مطابق 2024 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کو ووٹ دینے والے اور حالیہ وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی سے دور ہونے والے ووٹرز میں انسٹھ فیصد اسرائیل کو امریکی فوجی امداد کم یا ختم کرنے کے حامی ہیں، جبکہ چھپن فیصد نے اسرائیل کو بموں کی فراہمی روکنے کی حمایت کی ہے۔
امریکی ادارے یوگوو کے نئے سروے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق حامیوں میں اسرائیل کے لیے امریکی فوجی حمایت پر عدم اطمینان بڑھ رہا ہے۔ یہ سروے چار سے اٹھارہ نومبر کے دوران کیا گیا، جس میں 636 ایسے ووٹرز کی رائے حاصل کی گئی جنہوں نے 2024 کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کی تھی، تاہم 2026 کے وسط مدتی انتخابات میں ووٹ نہیں دیا یا کم از کم ایک وفاقی انتخاب میں ری پبلکن امیدوار کے بجائے کسی دوسرے امیدوار کو ووٹ دیا۔سروے کے مطابق انسٹھ فیصد شرکا نے اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد کم یا مکمل طور پر ختم کرنے کی حمایت کی۔ ان میں تینتیس فیصد امداد مکمل بند کرنے کے حق میں تھے، جبکہ صرف پانچ فیصد نے فوجی امداد بڑھانے کی حمایت کی۔
اسی طرح چھپن فیصد ووٹرز نے اسرائیل کو بموں کی منتقلی روکنے سے متعلق امریکی سینیٹ کی تجاویز کی حمایت کی، جبکہ چوبیس فیصد نے ان کی مخالفت کی۔ سروے میں بیالیس فیصد شرکا نے کہا کہ صدر ٹرمپ اسرائیل کی حمایت میں ضرورت سے زیادہ آگے بڑھ چکے ہیں، جبکہ بارہ فیصد کے خیال میں انہوں نے اسرائیل کی حمایت میں کمی کی ہے۔ ایران کے خلاف جنگ سے متعلق سوالات پر اڑتالیس فیصد شرکا نے کہا کہ اس جنگ سے امریکہ کے مقابلے میں اسرائیل کو زیادہ فائدہ پہنچا ہے، جبکہ صرف بیس فیصد نے اسے امریکہ کے مفاد میں قرار دیا۔
سروے میں باون فیصد ووٹرز نے ایران کے خلاف جنگ کو ان اہم وجوہات میں شامل کیا جن کے باعث ری پبلکن پارٹی کانگریس کا کنٹرول کھو بیٹھی۔ مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات چھپن فیصد کے ساتھ سرفہرست رہے۔ سروے کے مطابق اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو اپنے ووٹ کے فیصلے میں اہم قرار دینے والے افراد میں اٹھہتر فیصد نے اسرائیل کے لیے امریکی حمایت کم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
































