بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم نے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ مزاحمت کا ساتھ دیا اور مشکل حالات میں اس کی حمایت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران اور حزب اللہ کے درمیان اتحاد خطے میں اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم ہے۔ نعیم قاسم نے امریکہ پر لبنان کو اسرائیل کے سامنے رعایتیں دینے کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بیروت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ ایران کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر کرتی ہے اور اسلامی جمہوریہ کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ حزب اللہ کا ساتھ دیا ہے اور اس کی مشکلات کا بوجھ اٹھانے میں مدد کی ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے کہاکہ ہم ایران کے لیے کام نہیں کرتے بلکہ ایران ہمارے لیے کام کرتا ہے اور ہماری مشکلات کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھاتا ہے۔انہوں نے ایران کو عزت اور وقار کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ایران کے ساتھ اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے۔
حزب اللہ سربراہ نے لبنان کی داخلی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش اصل خطرہ اسرائیلی جارحیت ہے، جو لبنانی سرزمین پر قبضے اور مسلسل حملوں کی صورت میں موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کی مزاحمت ریاست اور فوج کی دفاعی صلاحیتوں میں موجود خلا کو پُر کرنے کے لیے ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے امریکی دباؤ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن لبنانی حکام کو اسرائیل کے سامنے رعایتیں دینے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل لبنانی علاقوں سے انخلا کرے، حملے بند کرے، قیدیوں کو رہا کرے اور تباہ شدہ علاقوں کی تعمیر نو کی جائے تاکہ بے گھر افراد اپنے گھروں کو واپس جا سکیں۔
حزب اللہ سربراہ نے واضح کیا کہ تنظیم اپنی بقا اور حقوق کے دفاع کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، تاہم لبنان میں داخلی مفاہمت اور قومی یکجہتی کے دروازے کھلے ہیں۔
































