اسرائیل کیمیائی ہتھیاروں کا بہانا بنا کر امریکا کو ایک نئی جنگ میں گھسیٹنے کی سازش کررہا ہے، عباس عراقچی
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیمیائی ہتھیار تیار کرنے کے الزامات دراصل امریکہ کو دھوکا دے کر ایک اور جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش ہیں، تاکہ واشنگٹن کو اسرائیل کی طرف سے ایک نئی جنگ لڑنے پر آمادہ کیا جا سکے۔ عباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایک ایسی حکومت جو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے لیس ہے، ایران پر کیمیائی ہتھیار بنانے کے الزامات عائد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے معاملے میں ہر الزام دراصل ایک اعتراف ہوتا ہے۔
عراقچی نے نشاندہی کی کہ اسرائیل نے اب تک جوہری، کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیاروں پر پابندی کے کسی بھی بین الاقوامی معاہدے میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ ان کے مطابق اسرائیل کے پاس سینکڑوں جوہری وار ہیڈز موجود ہیں، وہ خطے کے سات ممالک پر حملے کر چکا ہے اور تین علاقوں پر قبضہ کیے ہوئے ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے لکھا کہ صرف گزشتہ ایک سال کے دوران اسرائیل امریکہ کو ایران کے خلاف دو ناکام جنگوں میں گھسیٹ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہی اسرائیل ایران پر کیمیائی ہتھیار تیار کرنے اور انہیں چھپانے کا الزام لگا رہا ہے، حالانکہ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) پر دستخط کرنے والا ملک، کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کی تنظیم کا رکن اور ماضی میں صدام حسین کی حکومت کو مغربی جرمنی کی جانب سے فراہم کیے گئے کیمیائی ہتھیاروں کا متاثرہ ملک ہے۔
































