واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کے اقلیتی رہنما حکیم جیفریز نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیگسیتھ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور ایران کے خلاف ایک مہنگی اور بلاجواز جنگ شروع کرنے میں کردار ادا کیا، جس سے امریکی عوام کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اے بی سی نیوز کو انٹرویو میں حکیم جیفریز نے کہا کہ وہ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف پیش کی جانے والی مواخذے کی قرارداد کی بھرپور حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد وزیر دفاع نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، امریکی قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا اور ایران کے خلاف ایک غیر دانشمندانہ اور مہنگی جنگ مسلط کی، جس کے نتیجے میں امریکی عوام کے لیے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا اور امریکا پہلے سے زیادہ غیر محفوظ ہو گیا ہے۔
حکیم جیفریز کا کہنا تھا کہ پیٹ ہیگسیتھ کو ہر صورت عہدے سے جانا ہوگا ڈیموکریٹک رہنما نے مزید کہا کہ کانگریس میں زیادہ اختیار حاصل کرنے کے بعد ان کی جماعت کی اولین ترجیحات میں ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جنگ کا خاتمہ شامل ہوگا۔ان کے بقول، ہم اس غیر ضروری اور مہنگی جنگ کو ختم کرنا چاہتے ہیں جس نے امریکی عوام کی زندگی کو انتہائی مہنگا بنا دیا ہے۔ جیفریز نے پیش گوئی کی کہ رواں ہفتے قانون سازوں کی واشنگٹن واپسی پر ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد کو ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی بھرپور حمایت حاصل ہوگی۔ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کوششوں کو صرف ڈیموکریٹس ہی نہیں بلکہ ریپبلکن جماعت کے بعض ارکان کی حمایت بھی حاصل ہے۔ کینٹکی سے تعلق رکھنے والے سبکدوش ہونے والے ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے بھی پیر کے روز ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد دوبارہ پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ قرارداد میں متعدد الزامات شامل ہیں، جن میں ایران کے خلاف کانگریس کی اجازت کے بغیر فوجی کارروائیاں کرکے امریکی وار پاورز ریزولوشن کی خلاف ورزی کا الزام بھی شامل ہے۔
اس سے قبل ڈیموکریٹک ارکان یاسمین انصاری اور برٹنی پیٹرسن سمیت دیگر قانون ساز بھی ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قراردادیں پیش کر چکے ہیں۔ ان قراردادوں میں الزام لگایا گیا تھا کہ ہیگسیتھ نے غیر قانونی فوجی حملوں کی ہدایات دیں، امریکی فوجیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا اور ایران میں شہری ہلاکتوں کا سبب بننے والی کارروائیوں میں کردار ادا کیا، جن میں شہری تنصیبات پر مبینہ حملے بھی شامل ہیں۔ ڈیموکریٹک سینیٹر جیک ریڈ نے بھی پیٹ ہیگسیتھ کو پیشہ ورانہ اور انتظامی صلاحیتوں کے اعتبار سے نااہل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے محکمہ دفاع کو ایک سیاسی ادارے میں تبدیل کردیا ہے، اس لیے اب ان کے مستعفی ہونے کا وقت آگیا ہے۔
امریکی رکن کانگریس جیک آکن کلاز نے بھی ہیگسیتھ کو ابتدا ہی سے نااہل اور غیر اہل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تحقیقات میں الزامات درست ثابت ہوئے تو ان کے خلاف مواخذے کی کارروائی ہونی چاہیے۔


































