
واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکا نے اعلان کیا ہے کہ چین کے مسافر بردار طیاروں کو 16 جون سے امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ اقدام چین پر دباؤ ڈالنے کے سلسلے میں سامنے آیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ چین سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ امریکی مسافر طیاروں کو بیجنگ میں اترنے کی اجازت دے۔ امریکا کے محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے اعلان کیا کہ چین کی جانب سے دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان پروازوں سے متعلق موجودہ معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے کے بعد چین کو سزا دی گئی ہے۔ امریکا کی جانب سے مذکورہ اعلان کا اطلاق ایئر چائنا، چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کارپوریشن، چائنا سدرن ایئرلائنز اور ہینان ایئرلائنز ہولڈنگ پر ہوگا۔
دوسری جانب امریکی ڈیلٹا ایئرلائنز اور یونائیٹڈ ایئر لائنز نے رواں ماہ چین کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی تھی، کیونکہ چینی طیاروں نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی امریکا کے لیے اپنی پروازیں جاری رکھی تھیں۔
واشنگٹن میں چینی سفارتخانے نے بھی فوری طور پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔ واضح رہے کہ چین اور امریکا کے مابین کورونا وائرس اور ہانک گانگ میں متنازع قانون کے معاملے پر شدید کشیدگی جاری ہے۔


































