
ایک ایک جنگی جرم کا حساب لینے کی ضرورت ہے، غاصبانہ قبضے کے خاتمے کی سبیل نہیں کی جارہی ہے تو کم سے کم ، انسانیت کے خلاف جرائم روکے جائیں ، الہان عمر
جنگ بندی، اسرائیل کی نسل پرستی کا سامنا کرنے والوں کو آزادی اور انصاف فراہم نہیں کر سکتی، امریکا اسرائیلی امداد انسانی حقوق کی پاسداری سے مشروط کرے،رشیدہ طلیب
واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکی کانگریس کے بعض ارکان نے غزہ میں جنگ بندی کے بعد ، خود ساختہ ریاست اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات اور صیہونی حکومت کی مالی امداد بند کرنے کا مطالبہ کردیا ، ایوان نمائندگان کی رکن اور اسرائیل پر نکتہ چینی کرنے والی ڈیموکریٹ سیاستداں الہان عمر نے ٹوئٹ کیا کہ ہمیں شکر گزار ہونا چاہیے کہ ، جنگ بندی کے نتیجے میں مزید بچوں اور عام شہریوں کی جانوں کو بچالیا گیا ہے ،لیکن اب کیا ہونا ہے؟ ہمیں ایک ایک جنگی جرم کا حساب لینے کی ضرورت ہے، اور ایسے وقت میں جب غاصبانہ قبضے کے خاتمے کی کوئی سبیل نہیں کی جارہی کم سے کم ، انسانیت کے خلاف ہمیں جرائم کا سلسلہ بند کرانا چاہیے ، فلسطینی نڑاد خاتون رکن رشیدہ طالیب نے بھی ٹوئٹ کیا کہ جنگ بندی ضروری ہے لیکن کافی نہیں، کیونکہ جنگ بندی، اسرائیل کی نسل پرستی کا سامنا کرنے والوں کو آزادی اور انصاف فراہم نہیں کر سکتی، رشیدہ طالیب نے مزید مطالبہ کیا کہ امریکہ، اسرائیل کی مالی امداد کو انسانی حقوق کی پابندی سے مشروط کرے، اور اگر شرائط پوری نہ ہوں تو امداد بند کر دی جائے۔


































