آزمائش کی موجودہ گھڑی میں جذبے کو دہرانے کی ضرورت ہے،سربراہ ایم ڈبلیوایم
کراچی(نیوز ڈیسک)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ آج کے دن وطن کی خوشحالی،ترقی اور تحفظ کے لیے تجدید عہد کرنا ہو گا،قیام پاکستان سے لے کر اب تک پوری قوم نے حکومت اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ مختلف چیلنجز کا مقابلہ کرکے یہ ثابت کیا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ایک جسم کی مانند ہے۔انہوں نے کہا کہ جس عزم و حوصلے کے ساتھ دہشت گردی جیسے عفریت اور ملک کو درپیش مختلف چیلنجز کے خلاف پاکستانی قوم نے مثالی کامیابیاں حاصل کیں آزمائش کی موجودہ گھڑی میں اسی جذبے کو دہرانے کی ضرورت ہے،یہ دن ملک و قوم کی سالمیت اور بقا کے لیے انفرادی کردار کا تقاضہ کرتا ہے، وطن عزیز کے شہریوں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر شخص کوسنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔


































