مفتی منیب نے اعتماد میں نہیں لیا، تنظیم المدارس کے اجلاس میں اظہار خیال
لاہور (نیوز ڈیسک)اہلسنت مدارس نے حکومت کے ساتھ معاہدے پر تحفظات کا اظہار کردیا، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اور سابق نائب صدر تنظیم المدارس اہلسنت پیر محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان معاہدے سے تنظیم المدارس کا کوئی تعلق نہیں، سابق صدر مفتی منیب الرحمان نے ریاستی اداروں اور سنی مدارس کے درمیان ایک خلیج پیدا کر دی ہے، اس لئے ریاستی اداروں کو چاہیے کہ وہ از خود سنی مدارس سے رابطہ کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی مدارس کے ذمہ داران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ تنظیم المدارس اہلسنت کے سابق صدر کا کسی کے کہنے پر ایک طبقے کے مطالبات کو آرمی چیف کے سامنے دہرانا اہلسنت کی خدمت نہیں، بلکہ زیادتی کے مترادف ہے، اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اداروں کو چاہئے کہ سنی مدارس کو اعتماد میں لیں اور اس حوالے سے ذمہ دار لوگوں کیساتھ باضابطہ اجلاس منعقد کرکے حقیقت حال سے آگاہ ہوں۔


































