اسکول میں آج بچوں کا پہلا دن تھا۔ صبح سویرے تمام بچے اسکول وقت پر پہنچ کر گراؤنڈ میں جمع ہوگئے۔ تھوڑی دیر بعد پی ٹی ماسٹر اسٹیج پر آئے اور بچوں کو لائن میں کھڑا ہونے کی تلقین کرنے لگے۔ اسی دوران پرنسپل بھی تشریف لے آئے اور ان کے آتے ہی اسمبلی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
تلاوتِ قرآن ِ پاک کے بعد نعتِ رسولؐ مقبول پڑھی گئی۔ اس کے بعد تین بچوں نے شاعرِ مشرق علامہ اقبال ؒ کی خوبصورت دعائیہ نظم:
لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری
زندگی شمع کی صورت ہو خدایا میری
بہت خوبصورت انداز میں اسکول کے تمام بچوں کے ساتھ مل کر ترنم سے سنائی۔ جو نہی نظم ختم ہوئی، پرنسپل صاحب نے مائیک سنبھال لیا اور بچوں سے بولے: کیا آپ جانتے ہیں، ہر روز یہ نظم کیوں پڑھی جاتی ہے؟
ایک بچے نے جواب دیا: سرکیونکہ یہ علامہ اقبالؒ نے لکھی ہے اس لئے۔
یہ جواب سن کر تمام بچے ہنس پڑے۔ بچوں کو ہنستا دیکھ کر پھر پرنسپل صاحب کی آواز گونجی: شاباش بیٹا آپ نے بالکل ٹھیک کہا ہے۔ یہ نظم علامہ اقبالؒ نے لکھی ہے اور بالخصوص آپ بچوں کے لئے لکھی ہے۔ لیکن اس کوہر روز کیوں پڑھا جاتا ہے۔ یہ میں بتاتا ہوں۔ سب بچے پرنسپل صاحب کی طرف متوجہ ہوگئے۔
پیارے بچو! علامہ اقبال ؒ کو بچوں سے….میرا مطلب ہے آپ سے بے حد پیار تھا۔ وہ آپ سے اتنی محبت کرتے تھے کہ انہوں نے آپ کے لئے یہ نظم لکھ ڈالی۔ میرا تو یہ ماننا ہے کہ یہ نظم درحقیقت ایک عہد نامہ ہے۔ اور ہر روز وطن عزیز کے لاکھوں اسکولوں کے کروڑوں بچے ہر روز یہ نظم پڑھ کر عہد کرتے ہیں کہ ان کی زندگی شمع کی صورت ہو جائے۔ ان کا کام غریبوں کی حمایت کرنا، ان کے دم سے وطن کی رونقیں بڑ ھ جائیں، وہ ہر سو علم کی شمع روشن کرتے رہیں اور درد مندوں اور ضعیفوں سے محبت کرتے رہیں۔ گویا ہر روز صبح سویرے تمام طالب علم ایک اچھا شہری ایک اچھا پاکستانی ہونے کا عہد کرتے ہیں۔ یہ سن کر سب بچے جوش و خروش سے تالیاں بجانے لگے۔ ان میں سے ایک بچہ بلند آواز سے یہ شعر پڑھنے لگا کہ:
ہو میرے دم سے یونہی میرے وطن کی زینت
جس طرح پھول سے ہوتی ہے چمن کی زینت
اتنے سچے جذبے سے بچے کو نظم پڑھتے دیکھ کر خوشی سے پرنسپل صاحب کی نگاہیں آسمان کی طرف اٹھ گئیں۔ گویا وہ اپنے رب سے کہہ رہے ہوں ”میرے وطن کی رونق اور ہمارا مستقبل میرے وطن کے بچے ہی ہیں۔“
- Home
- بچوں کا نوائے اسلام
- لب پہ آتی ہے دعا۔۔
لب پہ آتی ہے دعا۔۔
-
Ilyas - فروری 27, 2020
- بچوں کا نوائے اسلام
- 6
- 0 minute read


































