یوم علی ؑپر مختلف شہروں میں درج ایف آئی آرز کو واپس لیا جائے، علامہ نیاز حسین نقوی
لاہور(نیوز ڈیسک) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کے سلسلے میں نکلنے والے عزاداری کے جلوسوں پر پولیس کے تشدد اور مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزہ دار عزاداروں پر تشدداور گرفتاری ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت کو زیب نہیں دیتی، اسیران عزاداری کیخلاف یوم علی ؑپر مختلف شہروں میں درج ایف آئی آرز کو فی الفور واپس لیا جائے ، انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر انتظامیہ نے یوم علی ؑکے جلوس نہیں نکلنے دیئے جو ایک افسوسناک اور قابل مذمت فعل ہے، مجالس اور جلوس عزا ہمارا مسلمہ حق ہے علامہ نیاز نقوی نے واضح کیا کہ خانوادہ رسالت کی عزاداری تا قیامت جاری و ساری رہے گی، تحریک انصاف کی حکومت بیوروکریسی کی ان کالی بھیڑوں کو نکال باہر کرے جو اس حکومت کو ناکام کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے اپنا رہی ہیں۔ بعض شہروں میں روزہ دار، نہتے عزاداروں کیخلاف پولیس گردی نہایت شرمناک ہے۔


































