غزہ : اسرائیلی فوج نے غزہ میں فوجی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اسرائیلی ٹینک اور بلڈوزر البریج اور النصیرات کیمپوں کے شمال مغربی علاقوں کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ اس دوران غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے المغراقہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہید جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے المغراقہ، وادی غزہ پل، الدعوہ محلے اور صلاح الدین روڈ کے مشرقی علاقوں کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے، جس کے باعث درجنوں خاندانوں نے علاقے سے نقل مکانی کی ہے۔ یہ پیش رفت اسرائیلی فوج کی جانب سے اس علاقے میں فوجی کارروائی شروع کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئی، جس کے ساتھ مقامی آبادی اور وہاں موجود بے گھر افراد کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔


































