بیروت: لبنان کی حزب اللہ اور تحریکِ امل کی اعلیٰ قیادت نے ایک مشترکہ اجلاس میں صیہونی حملوں، داخلی محاذ کو مضبوط بنانے اور متاثرہ آبادی کی مدد کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں حزب اللہ کی مجلسِ عاملہ کے سربراہ شیخ علی دعموش اور تحریکِ امل کی مجلسِ عاملہ کے سربراہ مصطفیٰ الفوعانی نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کو لبنان کے خلاف تمام خلاف ورزیاں بند کرنے، مقبوضہ لبنانی علاقوں سے اپنی فوجیں مکمل طور پر واپس بلانے اور جنگ بندی معاہدے سمیت اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے، تاکہ بے گھر ہونے والے لبنانی شہری اپنے گھروں کو محفوظ طریقے سے واپس جا سکیں۔
اعلامیے میں لبنانی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ ملک کی خودمختاری کا تحفظ کرے، بے گھر افراد کی ضروریات پوری کرے اور تباہ شدہ علاقوں کی تعمیرِ نو کا عمل تیز کرے۔ دونوں جماعتوں نے صیہونی ریاست کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی مخالفت بھی کی۔مشترکہ اعلامیے میں ملک میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے لبنانی فوج کے کردار کو اہم قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور عرب ممالک و عالمی برادری سے امداد حاصل کرنے کو فوری قومی ترجیح قرار دیا گیا۔


































