مناما : بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت الوفاق نیشنل اسلامک سوسائٹی نے عدالتی فیصلوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں پاگل پن پر مبنی سزائیں قرار دیا اور کہا کہ یہ ملک کی شیعہ اکثریت کے خلاف کارروائیوں میں ایک سنگین اضافہ ہے۔ الوفاق نے اپنے بیان میں کہا کہ عمائے کرام کو سزائیں ملک کی اکثریتی آبادی کے خلاف ایک اشتعال انگیز اقدام ہے جو حکومتی دہشت گردی کے بوجھ تلے زندگی گزار رہی ہے۔ الوفاق نے حکمران آلِ خلیفہ حکومت پر صہیونی ریاست کے ساتھ ہم آہنگی اختیار کرنے اور اس کی پالیسیوں کو مسترد کرنے والوں کو زیرِ تسلط لانے کی کوششوں کا الزام بھی عائد کیا۔ جماعت نے ان سزاؤں کو ملک کی اکثریتی آبادی کے خلاف انتہائی درجے کی اجتماعی سزا قرار دیا۔ بیان میں مزید کہا گیاہےکہ سنائی گئی ان سزاؤں کا قانون اور انصاف سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی یہ کسی ریاست کے طرزِ عمل کی عکاسی کرتی ہیں۔ بلکہ یہ ملک کی اکثریتی آبادی کے خلاف انتہائی درجے کی اجتماعی سزا کے تناظر میں دی گئی ہیں۔ ایسی اتھارٹی کی جانب سے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں جو صرف اپنی نمائندگی کرتی ہے اور جسے عوامی، قانونی یا سیاسی جواز حاصل نہیں۔


































