مشہد مقدس : ایران کے ممتاز شیعہ مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانی کو مشہد مقدس میں روضہ مبارک امام علی رضا علیہ السلام کے جوار میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی تدفین روضہ امام رضا علیہ السلام کے اندر دارالسعادہ رواق میں انجام پائی، جہاں ان کے اہل خانہ کی خواہش اور مرحوم کی وصیت کے مطابق تدفین کا انتظام کیا گیا تھا۔
اس سے قبل آیت اللہ وحید خراسانی کی نمازِ جنازہ اور تشییع کے اجتماعات قم مقدس میں منعقد ہوئے، جن میں علمائے کرام، حوزہ علمیہ کے اساتذہ، شاگردوں، مذہبی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کے جسد خاکی کو قم میں حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا لے جایا گیا، جہاں آخری دیدار اور دیگر رسومات کے بعد نمازِ میت ادا کی گئی۔ بعد ازاں میت کو تدفین کے لیے مشہد مقدس منتقل کیا گیا۔ آیت اللہ وحید خراسانی 17 نومبر کو قم میں انتقال کر گئے تھے۔
مرحوم نے اپنی زندگی دینی علوم کی تحقیق، تدریس، فقہ و اصول کی ترویج اور شاگردوں کی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ وہ عالم تشیع کی ممتاز علمی و دینی شخصیات میں شمار ہوتے تھے اور دنیا بھر میں ان کے پیروکار موجود ہیں۔


































