
کوئٹہ، پشاور: سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف تازہ کارروائیوں میں 11 دہشت گرد مارے گئے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا کے علاقوں جنوبی وزیرستان اور بنوں جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے، اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں 5 خوارج ہلاک ہوئے، سکیورٹی فورسز نے پہلے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی نقل وحرکت کا بروقت سراغ لگایا اور گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار ساسول میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، دہشت گردوں کو کوارڈ کاپٹر کی مدد سے مؤثرانداز میں نشانہ بنایا گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔


































