کراچی (نیوز ڈیسک)سندھ ہائیکورٹ نے آئی جی سندھ سے مزارات، درگاہوں پر سیکیورٹی سے متعلق جامع پلان طلب کر لیا۔ عدالت نے آئی جی سندھ کے ترجمان سے استفسار کیا کہ مزارات، درگاہوں کی حفاظت کے لیے کیا پالیسی ہے؟، ترجمان نے بتایا کہ ہر مزار پر دو پولیس اہلکارتعینات ہوتے ہیں، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کئی بڑے واقعات رونما ہوچکے، سیکیورٹی کون دے گا کیا آپ سمجھتے ہیں کہ 2 پولیس اہلکار کافی ہوتے ہیں، ایک ڈی آئی جی پورا پروٹوکول لے کر چلتے ہیں، پولیس کے اعلی افسران کئی کئی گاڑیاں لے کر چلتے ہیں، کیا عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار پر صرف 4، 5 اہلکار کافی ہیں،کئی بڑے واقعات ہونے کے باوجود سیکیورٹی انتظام نہ کرنا افسوسناک ہے، عدالت نے آئی جی سندھ کو حکم دیا کہ مزارات، درگاہوں پر سیکیورٹی سے متعلق جامع پلان مرتب کریں۔


































