کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود جنگ بند ی مسترد کردی
طرابلس (نیوز ڈیسک) لیبیا میں سعودی اورعرب امارات نواز خلیفہ حفتر کی فوج نے بین الاقوامی اپیلوں کو نظر انداز کرتے ہوئے، دارالحکومت طرابلس پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے، قومی حکومت کے انفارمیشن سینٹر کے ترجمان مصطفی المجمعی نے اعلان کیا ہے کہ خلیفہ حفتر کے فوجیوں نے طرابلس کی عین زرارہ جیل پر گولہ باری کی ہے جس میں جیل کے تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے، خلیفہ حفتر کی فوج نے یہ حملہ ایسی حالت میں کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے اس فوج کے ترجمان احمد المسماری نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی موافقت کا اعلان کیا تھا،اقوام متحدہ اور چند ملکوں کے نمائندوں نے ایک بیان جاری کر کے خلیفہ حفتر اور لیبیا کی قومی حکومت سے اپیل کی تھی کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر جنگ بند کردیں۔


































