انتشار پیدا کرنے والے ملکی و قومی سلامتی اور امن کے دشمن ہیں،علامہ ناصر عباس
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی کابینہ کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں علامہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مذہب کی آڑ میں فرقہ واریت پھیلانے والوں کے مذموم مقاصد کو مذہبی ہم آہنگی سے شکست دی جائے گی، ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو اتحاد بین المسلمین کے آزمودہ ہتھیار کے ذریعے ملکر پسپا کریں گے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کی کوشش پورے ملک کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ مختلف مکاتب فکر کے درمیان اختلافی امور کو ہوا دے کر انتشار پیدا کرنے والے ملکی و قومی سلامتی اور امن کے دشمن ہیں۔ عالم اسلام کے تمام مسالک کے درمیان فروعی اختلافات صدیوں سے موجود ہیں، جن پر علمی اور صحت مندانہ مباحث برہان و استدلال کے ساتھ جاری رہتی ہیں۔ جو عناصر علم و عمل کی بجائے شدت اور ہٹ دھرمی کی زبان استعمال کرتے ہیں، وہ ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں


































