
امریکا اور اسرائیل کی افواج ہائی الرٹ،امریکا نے خطے میں جنگی طیارے اور بھاری اسلحہ منتقل کردیا ، پہلی بار اپنی ایک جنگی آبدوز بھی خلیجی پانیوں تک پہنچادی
ایران کا کوئی بھی حملہ عراق یا یمن سے ہو گا،اسرائیلی دعویٰ، ایرانی پاسداران انقلاب نے میزائل اور ڈرونز کی بڑی تعداد کو عراق منتقل کردیا ،کویتی اخبار کا دعویٰ
بغداد (نیوز ڈیسک ) ایران کے شہید کمانڈر قاسم سلیمانی کی پہلی برسی کے موقع پر شدید ردعمل کے خوف نے امریکا اور اسرائیل کی نیندیں اڑادی ہیں ،دونوں ممالک نے خطے میں اپنی اپنی افواج کو ہائی الرٹ کردیا ہے ، امریکا نے خطے میں جنگی طیارے اور بھاری اسلحہ منتقل کردیا ہے، جبکہ پہلی بار اپنی ایک جنگی آبدوز بھی خلیجی پانیوں تک پہنچادی ہے ، جس پر ٹوما ہاک میزائل نصب ہیں ، ایران نے کہا ہے کہ وہ خطے میں پہنچائے گئے امریکا کے جدید ترین ہتھیاروں اور اس کی فضائی، بری اور بحری فواج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے،اسرائیلی فوج کے ترجمان جنرل ہائ ڈی زیلبرمین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کا کوئی بھی ممکنہ حملہ عراق اور یمن سے ہو گا، اسرائیل خطے میں تہران کے تصرفات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے ، ایران نے عراق اور یمن میں صلاحیتوں کو وسیع کیا ہے جن میں جدید ڈرون طیارے اور دور سے داغے گئے میزائل شامل ہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ ایرانی خطرے کے حوالے سے سب لوگ انتہائی چوکنا رہیں اسرائیل ، ایران کو شام اور لبنان میں علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے سے روکنے کے حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،کویت کے عربی اخبار القبس نے دعوی کیا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے عسکری ساز و سامان عراق منتقل کیا ہے ، مختصر فاصلے کے آرش میزائلوں اور ایرانی ساختہ ڈرونز کو سرحدی گزر گاہ شلمجہ کے راستے عراق پہنچایا گیا ہے،۔ اخبار نے مزید بتایا کہ مذکورہ میزائل دراصل پاسداران انقلاب کے پاس ہیں جب کہ ڈرون طیاروں کو عراق کے جنوبی صوبوں میں سخت حفاظتی پہرے میں رکھا گیا ہے،انہیں عراقی ملیشیاو ¿ں کے عسکری کیمپوں میں رکھا گیا ہے تاہم ان کی نگرانی القدس فورس کے زیر انتظام ایرانی عناصر کے پاس ہے۔


































