شہید نے اپنی صلاحیتوں سے رتبہ پایا، مقررین
کنڈیارو(نیو زڈیسک)اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور اصغریہ علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام سردار شہید حاج قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی پہلی برسی کی مناسبت سے کنڈیارو نوشہروفیروز کی جامع مسجد سید باقر علی شاہ میں شہدائے مدافعین حرم کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ، کانفرنس سے مولانا سید اختیار حسین نقوی، مولانا غلام حیدر حیدری، مولانا سید جعفر حسین نقوی، مولانا محمد عسکری ہاشمی نے خطاب کیا، جبکہ خصوصی خطاب اصغریہ تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری قمر عباس غدیری نے کیا، اس موقع پر انقلابی نوحہ خوان شاہد علی شاہد بلتستانی نے ترانہ شہادت پیش کیا، کانفرنس میں شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی کانفرنس سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ حاج قاسم سلیمانی خطے میں اثر و رسوخ رکھنے والی ایک بڑی شخصیت تھے، انہوں نے اپنی مختصر زندگی میں اپنی صلاحیتوں کی بنا پر یہ رتبہ اور مقام پایا تھا ، شہید قاسم سلیمانی کی امریکی بلاک کے مقابل عالم اسلام کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔


































