
سلامتی کونسل میں ایران کیخلاف دوبارہ پابندیوں کی امریکی درخواست بھی مسترد، امریکی اقدام غیرقانونی ہے، پابندیوں سے کچھ حاصل نہیں کرسکا ،روسی سفیر
پابندیوں کے مخالف دہشت گردوں کے حامی ہیں، امریکابرہم، پابندیوں میں امریکی ناکامی نے ایران کی سفارت کاری کی طاقت کو ظاہرکردیا،ایرانی صدر
برسلز/واشنگٹن(نیوز ڈیسک) ایران پر اسلحہ پابندیوں کے دوبارہ نفاذکیلئے امریکا کو ایک ہفتے میں سلامتی کونسل میں دوسری شرمناک سفارتی شکست کا سامنا کرنا پڑا ،سلامتی کونسل نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی پر دوبارہ پابندیوں کی امریکی درخواست بھی مسترد کردی،سلامتی کونسل کے صدر اور اندونیشیا کے سفیر دیان ٹریانسیا دجانی نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف "اسنیپ بیک” پابندیوں کو متحرک کرنے کیلئے امریکی درخواست پر مزید کارروائی کرنے کی پوزیشن میں نہیں،سلامتی کونسل میں شکست کے بعد اقوام متحدہ میں امریکی سفیرکیلی کرافٹ غصے میں آگئیں اور ایران پر پابندیوں کی مخالف کرنے والے ممالک کو دہشت گردوں کا حامی قرار دے دیا، کیلی کرافٹ نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ سلامتی کونسل کے ارکان راستہ بھٹک گئے ہیں اور خود کو دہشت گردوں کی صف میں کھڑا دیکھتے ہیں ،وہ واضح طور پر کہتی ہیں ٹرمپ انتظامیہ کو ایران کے معاملے پر محدود دوستوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر کوئی خوف نہیں،روسی سفیردیسلے نیبینزیانے کہاکہ امید ہے کہ امریکا ایران پر پابندیوں کے اقدام سے پیچھے ہٹ جائے گا کیونکہ وہ نہ صرف غیر قانونی ہے ، بلکہ وہ نتائج حاصل نہیں کرسکے گا جس کا تصور امریکا نے کیا تھا،ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ایران کیخلاف اسلحہ کی پابندی میں توسیع کرنیکی کوششوں میں امریکی ناکامی سیاسی کامیابی تھی جس نے ایران کی سفارت کاری کی طاقت کو ظاہرکردیا، ایران اقوام متحدہ میں امریکا کے سامنے کھڑا ہونے ، اس کا مقابلہ کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے قابل ہے،امریکا کئی دہائیوں سے ایران کے دفاعی پروگرام کے خلاف پھیلائے گئے تمام پروپیگنڈوں کے باوجود سلامتی کونسل میں ایران مخالف قرارداد کو منظور کرنے میں ناکام رہا ،اس سے پہلے امریکی اتحادی یوپی یونین نے ایران کے خلا ف امریکی پابندیوں کی قرارداد کی حمایت کرنے سے واضح طور پر انکار کر دیا تھا ،یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا ہے کہ ہمارے بار بار یاد دہانی کے باوجود امریکا ایٹمی معاہدے سے علیحدہ ہوا، وہ ایٹمی معاہدے کا حصہ نہیں لہذا وہ معاہدے کے کسی مکینزم کو استعمال کرنے کا حق نہیں رکھتا ہے۔


































