ریاست سے کوئی طاقتور نہیں، فرقہ وارانہ واقعات کے ملزمان کو نشان عبرت بنا دیں گے
گلگت(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے علاقے کے امن میں خلل ڈالنے والے افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، فرقہ وارانہ واقعات میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنا دیں گے ، نئے آئی جی حمد سعید وزیر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بیرسٹر خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دہشت پھیلانے والے عناصر کی زندگی اجیرن بنا دیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت آمیز مواد پھیلانے والے عناصر کی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں اور یہ فہرست پبلک کرنے کے بعد ان عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹ لیں گے، نلتر میں دہشت گردی واقعہ کے تمام نامزد ملزمان اور گلگت شہر میں دہشت گردی کرنے والے ملزمان کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا ہے، جو کہ قابل تحسین ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دہشت گردی کے واقعات کی بروقت روک تھام کے لئے فرانزک لیب کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، گلگت بلتستان میں جعلی قوم پرست اور جعلی فرقہ پرست عناصر علاقے کی تعمیر و ترقی اور امن کے دشمن ہیں، ان عناصر کو واضح پیغام ہے کہ ریاست کی رٹ قائم ہے اور ریاست سے طاقتور کوئی نہیں، علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ بننے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔


































