
مغربی کنارے کو اسرائیل میں شامل کرنے کا آپشن ختم نہیں کیا، اسرائیل الحاقی منصوبے پر عملدرآمد کریگا، ہم ساتھ دینگے، امریکا کا امارات کے منہ پر طمانچہ
تمام 22 عرب ریاستیں اسرائیل کو تسلیم کرلیں گی، اعلان جلد متوقع ہے، امارات اسرائیل معاہدہ پورے مشرق وسطیٰ کو تبدیل کرسکتا ہے،امریکی مشیر کا دعویٰ
واشنگٹن(نیوز ڈیسک ) امریکی صدر کے داماد اور ان کے خصوصی مشیر جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں شامل کرنے کا آپشن آج بھی موجود ہے ، ہماری اور اسرائیل کی توجہ سینچری ڈیل میں طے پائے امور کو آگے بڑھانا اور ان پر مرحلہ وار عمل کرنا ہے ،ہم نے بہت سے امور کیلئے مختلف آپشنز رکھے ہیں اور کسی آپشن کے لیے دروازے بند نہیں کیے۔ ضرورت محسوس ہوئی تو اسرائیل غرب اردن کے الحاق کے فیصلے پرعمل درآمد کرے گا اور امریکا اس کا ساتھ دے گا،جیرڈ کشنر نے کہا کہ ہم فلسطینیوںکو مذاکرات کی میز پرواپسی سے نہیں ر وکتے، اگر فلسطینی اسرائیل کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہوتے ہیں تو امریکا اس کا خیر مقد کرے گا مگر مذاکرات کے دوران امریکا اسرائیل پر کسی قسم کا دباﺅ نہیں ڈالے گا ، جیریڈ کشنر نے کہا ہے کہ تمام 22 عرب ریاستیں اسرائیل کو بہت جلد تسلیم کرلیں گی، اس حوالے سے باقاعدہ اعلان بہت جلد متوقع ہے، وہ اسرائیلی حکام کے ساتھ عرب امارات کیلئے پہلی براہ راست پرواز سے ابوظہبی پہنچے اور اس کو تاریخی موقع قرار دیا جیراڈ کشنر نے کہا کہ امارات اسرائیل معاہدہ پورے مشرق وسطیٰ کو تبدیل کرسکتا ہے۔ اسٹیج تیار ہوچکا ہے دوسری عرب ریاستیں بھی عرب امارات کی پیروی کریں گی۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ عرب ریاستیں کب تک اسرائیل کو تسلیم کرلیں گی۔


































