ڈونلڈ ٹرمپ نوسر بازہیں جو آئینی حدودپامال کر رہے ہیں
واشنگٹن(نیوزڈیسک) امریکا کی معروف شخصیت ارب پتی جارج سوروس نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک نوسر باز اور انتہا کے نرگسیت پسند شخص ہیں جو آئینی حدود کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دینے کے لیے تیار ہیں اور وہ اگلے انتخابات میں کامیابی کے لیے ’سب کچھ کریں گے، ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جارج سوروس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، انھوں نے کہایہ برس اور آئندہ چند برس صرف امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ کے ہی مستقبل کا نہیں پوری دنیا کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، چینی صدر شی جن پنگ ’ٹیکنالوجی کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں کو کنٹرول کرتے ہیں، اگر یہ دونوں شخص اقتدار میں نہ ہوتے تو دنیا ایک بہتر جگہ ہوتی۔


































