مرحومین کی ملی و دینی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی
راولپنڈی (نیوز ڈیسک) شیعہ علما کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ علامہ سید صفدر حسین نجفی نے عوام میں دینی فکر و شعور اجاگر کرنے کیلئے شب و روز کاوشیں کیں ،علامہ سید صفدر حسین نجفی کی 31 ویں برسی اور علامہ قاضی نیاز حسین نقوی اور مرحوم سیٹھ نوازش علی ساعتی کی رسم چہلم کے موقع پر تعزیتی پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ علامہ صفدر نجفی کی شخصیت کا یہ منفرد پہلو تھا کہ وہ قومیات کے حوالے سے ہمیشہ متفکر رہے اور ہر دور میں ملی قیادت کی پشت پناہی اور شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے قوم و ملت کی عظیم خدمت کا فریضہ سر انجام دیا،علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ قاضی سید نیاز حسین نقوی فاضل، دور اندیش، مصلح اور جرات مند انسان تھے، انہوں نے کئی مواقع پر انتہائی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم امور انجام دیئے، مرحومین کی ملی و دینی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی


































