تمام ریجنز کی محرومیوں کے ازالے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی
گلگت (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے وزیر زراعت جی بی محمد کاظم میثم نے سی ایم ہاوس گلگت میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں محکمہ زراعت کے مجموعی ایشوز، بلتستان ریجن کے مسائل اور حلقہ دو کی محرومیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کی طرح اب بلتستان ریجن کے ساتھ سوتیلا سلوک نہیں ہوگا، یہ دور انصاف کا دور ہے، تمام ریجنز کی محرومیوں کے ازالے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ بہت جلد اسکردو کا دورہ کیا جائے گا اور چند بڑے منصوبوں پر کام شروع ہوگا۔ بلتستان ریجن میں کم و بیش سو میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر کام ہوگا، 250 بیڈ ہسپتال پر کام میں تیزی آئے گی اور محکمہ صحت کی مسنگ فیسلٹیز کو پورا کیا جائے گا، آر ایچ کیو ہسپتال میں ایم آر آئی مشین تنصیب کی جائے گی،ا سکردو میں بہت جلد میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جائے گا ، پورے بلتستان میں صاف پینے کے پانی کی جو کمی ہے اس کو دور کیا جائے گا اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔


































