
نیویارک: ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے کہاہے کہ صیہونی ہر ایک گھنٹے میں اوسطاَ 20 فلسطینیوں کو قتل یا زخمی کر رہے ہیں۔ دنیا ان جرائم پر خاموش نہ رہے ایسا نہ ہو کہ یہ جرم معمول کی ایک بات بن جائے۔ نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو میں علی باقری نے کہاکہ صیہونی چاہتے ہیں کہ یہ جرائم عادی ہو جائیں۔ چونکہ ان کی فطرت ناپاک ہے اس لئے یہ چاہتے ہیں کہ دنیا ان کے جرائم کو معمولی بات سمجھے۔ آج امریکہ ون ورلڈ آرڈر کے ذریعے دنیا میں امن و سلامتی کے قیام میں ناکام ہو چکا ہے۔ علی باقری نے کہا کہ عملی طور پر امریکہ نے مختلف بین الاقوامی موضوعات، ایرانی جوہری مذاکرات، مسئلہ فلسطین اور غزہ میں صیہونی جارحیت پر جس کردار کا مظاہرہ کیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن نہ صرف مسائل کے حل کا حصہ نہیں بن سکتا بلکہ ان مسائل میں خود اصلی رکاوٹ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امریکی ہی تھے جو ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے دستبردار ہوئے اور اس معاملے میں خلل ڈالا۔


































