
راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن بارہ اور تیرہ اکتوبر کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس میں سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم تھے، اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا، علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے دشت اور تربت میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے غیرقانونی طور پر ایران اور یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 104 غیر قانونی افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔


































