
بیروت : حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ علی دعموش نے اعلان کیا ہے کہ تنظیم اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران لبنان میں مکمل طور پر تباہ ہونے والے یا ناقابلِ رہائش گھروں کے مالکان کو 14 ہزار ڈالر تک کی مالی امداد فراہم کرے گی۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی دعموش نے لبنانی ریاست پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت بے گھروں کی مدد کرنے اور اپنی ذمہ داریاں پوری میں بری طرح ناکام رہی ہے۔ مالی امداد کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیروت اور اس کے جنوبی مضافات میں اپنے گھروں سے محروم ہونے والے خاندانوں کو 14 ہزار ڈالر فی کس دیے جائیں گے جبکہ لبنان کے دیگر علاقوں کے متاثرین کو 12 ہزار ڈالر ملیں گے۔ اس امدادی رقم میں 8 ہزار ڈالر فرنیچر کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ رقم مکانات کے کرائے کی مد میں دی جائے گی۔


































