
تہران: ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کو تباہ کرنے کی مبینہ دھمکیوں کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت درج کرادی ہے۔ ایرانی سفیر و نائب مستقل نمائندے غلام حسین درزی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط میں کہا کہ ٹرمپ کے بیانات محض سیاسی بیان بازی نہیں بلکہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔
ایرانی مندوب کے مطابق امریکی صدر نے بائیس ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکیاسی ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کو تباہ کرنے کی کھلی دھمکی دی۔ ایرانی خط میں ٹرمپ کے ان الفاظ کا حوالہ بھی دیا گیا کہ وہ اسلامی جمہوریہ کو ’’مٹا دیں گے اور یہ کام تیزی سے کریں گے‘‘، جبکہ ایک اور بیان میں ایران کو جہنم میں دھکیلنے کی دھمکی دی گئی۔ ایران نے ان بیانات کو نفرت انگیز اور انتہائی قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنرل اسمبلی امن اور عالمی تعاون کے فروغ کا فورم ہے، اسے کسی رکن ملک کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی دھمکیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
ایرانی نمائندے نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کسی رکن ملک کی تباہی کی کھلی دھمکیوں کو محض سیاسی بیان بازی قرار دے کر نظر انداز نہ کیا جائے، کیونکہ ایسی دھمکیاں اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی امن کے لیے قائم ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتی ہیں۔

































