
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم دفتر نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔ اماراتی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے خلیجی ملک کے دورے پر آنے والے اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا۔ اماراتی سرکاری خبر ایجنسی کے ذریعے متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دورے کی باضابطہ تصدیق کی۔
اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر کے مطابق نیتن یاہو نے اماراتی صدر کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی چیلنجز پر مرکوز تھا۔
تین سینئر اسرائیلی حکام نے بتایا کہ یہ ملاقات تقریباً چھ گھنٹے جاری رہی اور اس میں ایران پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس سال کے آغاز میں متحدہ عرب امارات نے اس بات کی تردید کی تھی کہ شیخ محمد نے نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے، یہ تردید اس وقت سامنے آئی تھی جب اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر نے مئی میں کہا تھا کہ نیتن یاہو نے خفیہ طور پر خلیجی ملک کا دورہ کیا اور صدر سے ملاقات کی۔ ملاقات سے واقف ذرائع نے اس وقت بتایا تھا کہ نیتن یاہو اور شیخ محمد کی ملاقات 26 مارچ کو العین میں ہوئی تھی۔
ایران کے ساتھ جنگ کے دوران حملے کی زد میں آنے کے بعد متحدہ عرب امارات نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط کیے ہیں، متحدہ عرب امارات نے 2020 کے ابراہیم معاہدوں کے نتیجے میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔

































