
بیروت : صیہونی جنگی طیاروں نے بیروت ائرپورٹ اور اس کے مضافات میں مہلک حملے کئے۔ جس میں چالیس لبنانی شہید اور باون زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگی طیاروں نے بیروت کے نواحی علاقے میں حزب اللہ کے کمانڈ سینٹرز ۔ ہتھیاروں کے ڈپو اور انفراسٹرکچر پر حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی فضائیہ نے رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ بعلبیک شہر کے وسط میں واقع عمشکی۔ الشیقان محلے اور حرمل میں کئی اہداف پر حملے کیے۔ لبنان میں اکتوبر سے اب تک شہادتیں 3050 اور زخمیوں کی تعداد 13658 ہو گئی ہے۔
حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تل ابیب میں بین گوریون ایئرپورٹ کے قریب فوجی اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ تسقرین میں نیوی کالج پر بھی حملہ کیا گیا۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے سرحد پار سے تقریباً 120 میزائل فائر کیے ہیں۔


































