
واشنگٹن : پابندیاں لگانے کے جنون میں مبتلا امریکہ نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کے الزام میں ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ گذشتہ مہینے کے دوران ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو مزید وسعت دینے کے لیے ایسے اقدامات کا اعلان کیا جن کا کوئی قابلِ اعتبار پر امن مقصد نہیں ہے۔ ہم ایران کو ہر حال میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے پر عزم ہیں اور اس نتیجے کو حقیقت بنانے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھانے کو تیار ہیں۔ تازہ کارروائی میں تین کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جن پر ایرانی پیٹرولیم یا پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی نقل و حمل میں ملوث ہونے کا الزام ہے اور اس کے ساتھ 11 متعلقہ بحری جہاز بھی شامل ہیں۔


































