
اںڈیا پر امریکا کے پچاس فیصد ٹیرف کا نفاذ
نئی دہلی : اںڈیا پر امریکا کے پچاس فیصد ٹیرف کا نفاذ ہوگیا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ مودی کو بتا دیا تھا کہ اتنا ٹیرف عائد کروں گا کہ اُن کا سر چکرا جائے گا۔ وائٹ ہاؤس میں کابینہ کے اجلاس میں ٹرمپ نے انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی بات چیت کی تفصیلات شیئر کیں اور ایک مرتبہ پھر انڈیا اور پاکستان کے درمیان تنازع کو ختم کروانے کا کریڈٹ لیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے محصولات عائد کرنے اور تجارتی معاہدے منسوخ کرنے کی دھمکی دے کر پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی جنگ رکوائی تھی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا سے کہا کہ آپ لوگ ایٹمی جنگ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ اسے روکیں ورنہ امریکا آپ لوگوں کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کرے گا۔ اس بات چیت کے پانچ گھنٹے کے اندر ہی دونوں فریق پیچھے ہٹ گئے۔
انڈیا نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کرانے میں تیسرے فریق کی مداخلت نہیں تھی.


































